صفحات

جمعرات، 12 جنوری، 2017

430۔ دیدۂ نمناک کا تازہ شمارہ دیکھنا

الفضل انٹرنیشنل 7مارچ2003ء

430۔ دیدۂ نمناک کا تازہ شمارہ دیکھنا


دیدۂ نمناک کا تازہ شمارہ دیکھنا
ق قسمت کا سرمژگاں ستارہ دیکھنا

خود بخود پاؤں کھنچے جاتے ہیں سولی کی طرف
اس بلندی سے ہمیں کس نے پکارا دیکھنا

عین ممکن ہے انہیں میں ہو نیا چہرہ کوئی
بارہا دیکھے ہوئے چہرے دوبارہ دیکھنا

دن دہاڑے پی لیا دریا کا پانی ریت نے
آ ملے گا اب کنارے سے کنارا دیکھنا

عقل اگر ٹکرا گئی ناحق دلِ نادان سے
تم کھڑے ہو کر کنارے پر نظارہ دیکھنا

حلقہ کوئے ملامت میں شمولیت کے بعد
کیا منافع دیکھنا اور کیا خسارہ دیکھنا

رات دن دیتے رہو دستک درِ فریاد پر
زہر فرقت کا نہ ہو جائے گوارا دیکھنا

منتظر مت رہنا بزم ناز میں فرمان کا
آنکھ کا ارشاد ۔ ابرو کا اشارہ دیکھنا

مَیں غلام ابنِ غلام ابنِ غلام
میری جانب بھی کبھی مڑ کر خدارا دیکھنا

گم نہ ہوجاؤ کہیں آواز کے آشوب میں
لفظ کے غم کا نہ مضطرؔ گوشوارہ دیکھنا

چوہدری محمد علی مضطرؔعارفی


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں