صفحات

جمعہ، 1 اپریل، 2016

24۔ کشکول میں بھر دے جو مرے دل میں بھرا ہے

کلام طاہر ایڈیشن 2004صفحہ63۔64

24۔ کشکول میں بھر دے جو مرے دل میں بھرا ہے


جو درد سسکتے ہوئے حرفوں میں ڈھلا ہے
شاید کہ یہ آغوشِ جدائی میں پلا ہے

غم دے کے کسے فکرمریضِ شب ِغم ہے
یہ کون ہے جو درد میں رس گھول رہا ہے

یہ کس نے مرے درد کو جینے کی طلب دی
دل کس کے لئے عمر ِخضر مانگ رہا ہے

ہر روز نئے فکر ہیں ، ہر شب ہیں نئے غم
یا ربّ یہ مرا دل ہے کہ مہمان سرا ہے

ہیں کس کے بدن دیس میں پابندِ سلاسل
پردیس میں اک رُوح گرفتارِ بلا ہے

کیا تم کو خبر ہے رہ مولا کے اسیرو!
تم سے مجھے اک رشتہء جاں سب سے سوا ہے

آ جاتے ہو کرتے ہو ملاقات شب وروز
یہ سلسلۂ ربط ِبہم صبح و مسا ہے

اے تنگئ زنداں کے ستائے ہوئے مہمان
وا چشم ہے ، دل باز ، درِ سینہ کھلا ہے

تم نے مری جلوت میں نئے رنگ بھرے ہیں
تم نے مری تنہائیوں میں ساتھ دیا ہے

تم چاندنی راتوں میں مرے پاس رہے ہو
تم سے ہی مری نقرئی صبحوں میں ضیا ہے

کس دن مجھے تم یاد نہیں آئے مگر آج
کیا روزِ قیامت ہے! کہ اک حشر بپا ہے

یادوں کے مسافر ہو تمناؤں کے پیکر
بھر دیتے ہو دل، پھر بھی وہی ایک خلا ہے

سینے سے لگا لینے کی حسرت نہیں مٹتی
پہلو میں بٹھانے کی تڑپ حد سے سوا ہے

یا ربّ! یہ گدا تیرے ہی در کا ہے سوالی
جو دان ملا تیری ہی چوکھٹ سے ملا ہے

گم گشتہ اسیرانِ رہِ مولا کی خاطر
مدت سے فقیر ایک دعا مانگ رہا ہے

جس رہ میں وہ کھوئے گئے اُس رہ پہ گدا ایک
کشکول لئے چلتا ہے لب پہ یہ صدا ہے

خیرات کر اَب اِن کی رہائی مرے آقا!
کشکول میں بھر دے جو مرے دل میں بھرا ہے

میں تجھ سے نہ مانگوں تو نہ مانگوں گا کسی سے
میں تیرا ہوں ، تو میرا خدا ، میرا خدا ہے

جلسہ سالانہ یو کے ١٩٩١ء


1 تبصرہ:

  1. یہ نظم حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے اسیرانِ راہ مولی کے لیے لکھی۔ ہم بچپن میں اس نظم کو بہت سنتے تھے۔ اس نظم میں آپ کی جماعت اور خصوصاً اسیران کے لیے بے انتہاء محبت کا اظہار ہوتا ہے۔

    جواب دیںحذف کریں