صفحات

جمعرات، 21 اپریل، 2016

38۔ یاد مشہوداوردرخواست دعائے نعم البدل

درعدن ایڈیشن 2008صفحہ79۔80

38۔ یاد مشہوداوردرخواست دعائے نعم البدل


عزیزی سید مسعود احمد اور عزیزہ امۃ الرؤوف بیگم کا پلوٹھی کا بیٹا سید مشہود احمد جو بہت پیاری اداؤں والا بچہ نیز اپنی عمر سے بڑھ کر ذہین اور خوش خلق بچہ تھا چھوٹی عمر لے کر آیا تھا ۔اسے ہمارے پیارے مولیٰ نے بلا لیا۔اس جدائی سے سب عزیزوں کے دل غمگین طبعی طور پر ہو گئے۔ ا سکی والدہ اور پردیسی مجاہد باپ نیز منصور احمد اور ناصرہ بیگم سلمہا اللہ تعالیٰ پر یہ صدمہ بہت اثر انداز ہوا۔ درخواست ہے کہ سب احمدی بھائی بہن ان کے لئے خیر سے نعم البدل نیک خادم دین عطا ہونے کی دعا فرما کر ممنون فرمائیں اور ساتھ ہی عزیزہ امۃ الشکور میری نواسی عزیزی ناصر احمد کی بیٹی اور عزیزہ امۃ القدوس ( بیگم مرزا وسیم احمد) کے لئے بھی بہت دعا فرمائیں۔ ان دونوں کے ولادت پھر ہونے والی ہے۔ دونوں کے لڑکے مردہ پیدا ہو چکے ہیں ۔ اب خدا تعالیٰ زندگی والے صحیح و سالم ، ماؤں کی بھی صحت اور زندگی کے ساتھ، ان کو بیٹے نیک خادم دین ،بلند اقبال عطا فرما کر خوشی دکھائے۔ مندرجہ ذیل چند شعرمشہود کی یاد میں کہے تھے۔والسلام۔ مبارکہ۔

سکرا کر جس نے سب کے دل لبھائے چل بسا
پیار کرتے تھے جسے اپنے پرائے چل بسا

خلق اس معصوم کا، اس کی ادائیں دل نشین
بھولنا چاہیں بھی گر تو بھولنا ممکن نہیں

بھولے بھالے منہ سے وہ باتیں نرالی آن سے
ننھے منے پاؤں سے چلنا وہ اس کا شان سے

کشتئ عمر رواں یکدم کدھر کو مڑ گئی
اک ہوا ایسی چلی کہ گھر کی رونق اڑ گئی

چار دن ہنس کھیل کر مشہود رخصت ہو گئے
کھل کے گلہائے مسرت داغِ حسرت دے گئے

نقش دل پر ایک تصویرِ خیالی رہ گئی
گود ماں کی بھر کے پھر خالی کی خالی رہ گئی

اپنی رحمت سے الٰہی جلد دے نعم البدل
یہ دلِ فرقت زدہ بے چین پھر پا جائیں کَل٭

٭ کَل بمعنی سکون و آرام

الفضل 12مارچ 1964ء

https://www.facebook.com/urdu.goldenpoems/

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں