صفحات

پیر، 16 مئی، 2016

59۔ پنجاب

بخار دل صفحہ162۔163

59۔ پنجاب


چہ پنجاب، اِنتخابِ ہَفت کِشور
کہ ہے تہذیب یاں کی سب سے بہتر

اگر صورت کی دیکھو شان و شوکت
تو سب صوبوں سے حُسن اس کا ہے خوشتر

غریبوں تک کا کھانا گندم اور گھی
ہر اِک دہقاں کے گھر ہے شِیر و شکر

زمیں اچھی ہے اور نہروں کی کثرت
غِذا ملتی ہے سب کو پیٹ بھر کر

سبھی یاں چارپائی پر ہیں سوتے
نہ تختوں پر، نہ مٹّی پر ہے بِستر

پہنتے جوتیاں، گُرگابیاں ہیں
برہنہ پا نہیں پِھرتے زمیں پر

جو ہیں روحانیت میں سب سے اعلیٰ
تو جسمانی قویٰ میں سب سے بڑھ کر

نہیں جامِد مُقَلَّد اولڈ فیشن1؎
ہر اک تحریک کو لیتے ہیں سر پر

اگر باشندے اس کے زندہ دِل2؎ ہیں
تو خود یہ ہند کا ہے دستِ خَنجر3؎

خدا نے چُن لیا پنجاب کو خود
کہ دُنیا کی ہدایت کو ہو سنٹر4؎

مسیحِ پاکؑ کو مَبعوث کر کے
بنایا اُس کو سب ملکوں کا لیڈر

اَکھاڑا ہے مذاہِب کا یہی مُلک
نبی کا تھا یہیں آنا مُقَدَّر

ہے رَا میٹریل5؎ بھی خوب موجود
مسلمانوں کی آبادی ہے اکثر

''یہ کیا احساں ہے تیرا بندہ پروَر
کریں کس منہ سے شکر اے میرے داور

اگر ہر بال ہو جائے سُخن وَر
تو پھر بھی شکر ہے اِمکاں سے باہر''

مبارَک ہو تجھے یہ فَضلِ رَبیّ
زہے پنجاب تیرا بختِ برتر

1؎ اولڈ فیشن : پرانی طرز کے۔                2؎ سرسیّد احمد خان نے یہاں کے لوگوں کو ''زندہ دلان پنجاب'' کا خطاب دیا تھا۔ 
 3؎ دستِ خنجر یعنی ہندوستان کا بازوئے شمشیر زَن        4؎ سنٹر Centre یعنی مرکز۔                5؎ را میٹریل Raw Material یعنی خام مال

الفضل 24اپریل1943ء


1 تبصرہ:

  1. 2؎ سرسیّد احمد خان نے یہاں کے لوگوں کو ''زندہ دلان پنجاب'' کا خطاب دیا تھا۔
    مجھے پوچھنا ہے کہ یہ خطاب کس تاریخ کو اور کہاں دیا تھا۔ سر سید کی اپنی تقریر کا اقتباس اور صفحے کی سکینگ درکار ہے۔

    جواب دیںحذف کریں