صفحات

جمعہ، 16 ستمبر، 2016

7۔ صلہ کوئی تو سرِ اوجِ دار دینا تھا

اشکوں کے چراغ ایڈیشن 2011  صفحہ13۔14

صلہ کوئی تو سرِ اوجِ دار دینا تھا


صلہ کوئی تو سرِ اوجِ دار دینا تھا
نہیں تھا پھول تو پتھر ہی مار دینا تھا

حریفِ دار بھی پروردگار! دینا تھا
دیا تھا غم تو کوئی غمگسار دینا تھا

یہ وہ زمین تھی جو آسماں سے اتری تھی
یہ وہ حوالہ تھا جو بار بار دینا تھا

وہ اِک حسین تھا اس عہد کے حسینوں میں
اسے کسی نے تو کافر قرار دینا تھا

مَیں اپنی تنگیٔ داماں کا عذر کیا کرتا
وہ دے رہا تھا، اُسے بے شمار دینا تھا

تم اپنے آپ سے ملتے اگر اکیلے تھے
کڑا تھا وقت تو ہنس کر گزار دینا تھا

نہیں بتانا تھا لوگوں کو اپنا نام پتا
سرِ صلیب کوئی اشتہار دینا تھا

وہ بے لحاظ بھی کہتا کبھی خدا لگتی
اسے بھی زخم کوئی مستعار دینا تھا

وہ برگزیدہ شجر لڑ رہا تھا موسم سے
کہ پھولنا تھا اسے برگ و بار دینا تھا

ہمیں بھی عہد کے انجام سے تھی دلچسپی
کہ ہم فقیروں کا اس نے ادھار دینا تھا

اٹھائے پھرتے ہو مضطرؔ! اجاڑ گلیوں میں
یہ سر کا بوجھ تو سر سے اُتار دینا تھا٭

٭…حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللّٰہ تعالیٰ نے از راہِ شفقت اس کی اصلاح یوں فرمائی:
یہ سر تھا بوجھ تو یہ بوجھ اتار دینا تھا

چوہدری محمد علی مضطرؔعارفی


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں