صفحات

اتوار، 18 ستمبر، 2016

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللّٰہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کاپیغام

اشکوں کے چراغ ایڈیشن 2011  صفحہ13۔15

 سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللّٰہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کاپیغام


بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللّٰہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کاپیغام

لندن/30.5.2006
پیارے مکرم چوہدری محمد علی صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ
آپ کی طرف سے آپ کے شعری مجموعہ کے لیے پیغام کا کہا گیا ہے۔ آپ کو شاید یاد ہو ربوہ میں ایک دو دفعہ آپ سے عرض کی تھی اپنا شعری مجموعہ شائع کروائیں لیکن آپ طبعی عاجزی کی وجہ سے کچھ نہ کچھ عذر پیش فرما دیا کرتے تھے۔الحمد للّٰہ کہ اب آپ کسی طرح مانے تو سہی۔کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے۔اللّٰہ تعالیٰ آپ کا کلام پڑھنے والوں کواس میں ڈوب کر اعلیٰ خیالات کے موتی تلاش کرنے کی توفیق دے۔

آپ کے بارے میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللّٰہ نے جو تبصرہ فرما دیا وہ یقینا آپ کی شاعری پر مہر ہے کہ: ـ''آپ آپ ہی ہیں۔ہزاروں لاکھوں نے یہ مضمون باندھے ہوں گے مگر آپ کی تو ادا ہی الگ ہے۔ ماشاء اللّٰہ چشمِ بددور۔'' جن شعروں پر یہ تبصرہ تھا اُن میں سے دو شعر یہ تھے۔
جانتا ہوں دعا کے موسم میں
وہ اکیلا کدھر گیا ہو گا
اس کی آواز کی صداقت پر
لفظ لذّت سے بھر گیا ہو گا
اِس وقت ذہن اَورمسائل میں اُلجھا ہؤا ہے اور دوسری مصروفیت ہے کہ لمباپیغام تو نہیں لکھ سکتا۔جیسا کہ مَیں نے کہا آپ کے شعروں میں ڈوب کر اپنے اپنے ذوق اور استعداد کے مطابق حکمت اور عرفان کی تلاش ہر پڑھنے سننے والا کرتا ہے۔ اللّٰہ کرے پڑھنے والے آپ کے اس مجموعے سے استفادہ کریں۔آپ کی شاعری برائے شاعری نہیں ہوتی بلکہ آپ کاہر شعر، ہر مصرع، ہر لفظ گہرے معنی لیے ہوئے ہوتا ہے۔ اَللّٰھُمَّ زِدْ وَ بَارِکْ۔
اللّٰہ تعالیٰ آپ کو صحت و سلامتی والی لمبی زندگی عطا فرمائے تاکہ یہ دل سے نکلی حکمت و عرفان کی باتیں ہمیں پڑھنے سننے کو ملتی رہیں۔ آمین

والسلام
خاکسار
مرزا مسرور احمد(دستخط)
خلیفۃ المسیح الخامس


بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم
لندن
25-05-2006
مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللّٰہ پاکستان
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ
آپ کی طرف سے فیکس موصول ہوئی جس میں آپ نے مکرم چوہدری محمدعلی صاحب کے مجموعہ کلام کے لیے نام تجویز کرنے کے لیے لکھا ہے۔ اس کانام ''اشکوں کے چراغ'' رکھ لیں۔ علاوہ ازیں حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے جو خطوط آپ نے ساتھ شائع کرنے کے لیے بھجوائے ہیں۔ ان کی اشاعت کی بھی اجازت ہے۔ بے شک وہ سارے شائع کرلیں۔ اللّٰہ کرے کہ یہ مجموعہ کلام ہر لحاظ سے بابرکت اور مفید ثابت ہو اور علمی و ادبی حلقوں میں اسے ایک خاص مقام حاصل ہو۔ آمین
والسلام
خاکسار
مرزامسروراحمد (دستخط)
خلیفۃ المسیح الخامس


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں