صفحات

اتوار، 4 ستمبر، 2016

67۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پُر معارف فارسی منظوم کلام پر تضمین

اشکوں کے چراغ ایڈیشن 2011  صفحہ111۔116

67۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے  پُر معارف فارسی منظوم کلام پر تضمین


نادان! اپنے جَہل پر مجھ کو نہ کر قیاس
میرا وجود ہی مرے دعوے کی ہے اساس
آیا ہوں عین وقت پر اے قومِ ناشناس!
''ایں مَقدمم نہ جائے شکوک ست و التباس
سیّدؐ جدا کُنَد زِ مسیحاؑئے احمرم''

آشوبِ اختلاف کا منظر ہے دلخراش
ایمان و آگہی کا سفینہ ہے پاش پاش
تجھ کو اگر ہے مہدیٔ موعود کی تلاش
''اے قومِ من! بگفتۂ من تنگ دل مباش
ز اوّل چنیں مجوش ببیں تا بآخرم''

رَجلِ رشید کوئی تو ہو، کوئی مردِ قوم
کوئی گروہ، کوئی جماعت یا فردِ قوم
محسوس کر سکے جو کوئی گرم و سردِ قوم
''ہر شب ہزار غم بمن آید زِ دردِ قوم
یارب! نجات بخش ازیں روزِ پرشرم''

نقدِ عمل نہ دولتِ ایمان ان کے پاس
دن رات ان کا مشغلہ تکفیر و التباس
دنیا ہی ان کو راس نہ عقبیٰ ہی ان کو راس
''دل خوں شداست از غمِ ایں قومِ ناشناس
واز عالمانِ کج کہ گرفتند چنبرم''

مٹ جائے گی جہان سے تفریقِ نیک و بد
مَیں ہوں گا اور حاسدوں کی آتشِ حسد
ہو گی مخالفت کی نہایت نہ کوئی حد
''جائیکہ از مسیح و نزولش سخن رَوَد
گویم سخن اگرچہ ندارد باورم''

مُلّائے بدزبان کی بازی ہوئی ہے مات
دل میں ہے اس کے گند، زباں پر مغلّظات
سورج چڑھا ہؤا ہے مگر قوم پر ہے رات
''یارب! کجاست محرمِ رازِ مکاشفات
تا نورِ باطنش خبر آرد زِ مخبرم''

واللّٰہ! مَیں غلام ہوں احمدؐ کا زر خرید
میرے مرید اصل میں احمدؐ کے ہیں مرید
مُلاّ کا غم نہیں ہے کہ مُلاّ تو ہے پلید
''اے حسرت ایں گروہِ عزیزاں مرا ندید
وقتے بہ بیندم کہ ازیں خاک بِگْذرم''

یہ آستیں کا سانپ، یہ کرسی کا سُوسمار
کب سے غریب قوم کی گردن پہ ہے سوار
اس کے ڈسے ہوئوں کے نہ کر زخم ہی شمار
''اے دل! تو نیز خاطرِ ایناں نگاہ دار
کاخر کنند دعو اٰیٔ حبِّ پیمبرم''

اٹھّے تھے لوگ پہلے بھی کثرت کے نام پر
کثرت تھی ان کے زعم میں معیارِ خیر و شر
تنہا تھے آں حضوؐر بھی، اتنا تو غور کر
''اے آنکہ سوئے من بدویدی بصد تبر
از باغباں بترس کہ من شاخِ مثمرم''

مکر و فریب کا یہ ضرورت کا فلسفہ
تجھ پر ہے اقتدار کا نشّہ چڑھا ہؤا
نشّے میں کیا کسی کو تو رستہ دکھائے گا
''خواہی کہ روشنت شود احوالِ صدقِ ما
روشن دلی بخواہ ازاں ذاتِ ذوالکرم''

طاقت سے کرنا چاہتا ہے مجھ کو لاجواب
اللّٰہ کی زمین کو اتنا نہ کر خراب
قرآں مری کتاب ہے، سنّت مرا نصاب
''من نیستم رسول و نیاوردہ ام کتاب
ہاں ملہم استم وز خداوند مُنذِرم''

ہے کس قدر طویل ترا مجھ سے فاصلہ
مَیں آسماں کا نور، ُتو کیڑا زمین کا
ہر آن خیمہ زن ہوں سرِ دشتِ کربلا
''جانم فدا شود برہِ دینِ مصطفیٰؐ
این است کامِ دل اگر آید میسّرم''

میری زَبان بند ہے، میری اذان بند
جتنی غلیظ گالیاں اور جس قدر ہے گند
مجھ پر اچھالنے کو چلے دیں کے درد مند
''بد گفتنم زِ نوعِ عبادت شمردہ اند
در چشمِ شاں پلید تر از ہر مزوّرم''

حاکم کا فیصلہ ہو کہ مُلاّ کا فکر و فن
میرے خلاف ملّتِ واحد ہیں مرد و زن
تکفیر کی لپیٹ میں ہیں شہر ہوں کہ بن
''امروز قومِ من نشناسَد مقامِ من
روزے بگریہ یاد کند وقتِ خوشترم''

جب تک یہ راز منبر و محراب کا ہو فاش
کرسی پہ بیٹھ کر کوئی الزام ہی تراش
اللّٰہ کے غضب کو ہے کب سے تری تلاش
''اے معترض! بخوفِ الٰہی صبور باش
تا خود خدا عیاں کند آں نورِ اخترم''

سوچا بھی ہے کبھی کہ اے سرخیلِ دشمناں!
مَیں ہوں مسیحِ وقت، مَیں ہوں مہدیٔ زماں
ڈر میری آہ سے کہ ہوں مرزائے قادیاں
''بر من چِرا َکشی تو چنیں خنجرِ زَباں
از خود نیم زِ قادرِ ذوالمجدِ اکبرم''

قرآن کے چمن سے ہدایت کے پھول چُن
کچھ کام آئے گی نہ یہ خالی ادھیڑ بُن
میری نہ سن اے بے خبر! اللّٰہ کی تو سُن
''رَو یک نظر بہ جانبِ فرقاں زِ غور کن
تا بر تو منکشف شود ایں رازِ مضمرم''

غم ہے اگر مجھے تو فقط دین کا ہے غم
اس غم سے سینہ چاک ہے، دل تنگ، آنکھ نم
مہدی بھی ہوں مسیح بھی، کچھ بیش ہوں نہ کم
''موعودم و بحلیۂ ماثور آمدم
حیف است گر بدیدہ نہ بینند منظرم''

طوفان معجزات کا اُٹھّا ہے یم بہ یم
مَیں عہد کا کلیم ہوں، مَیں صاحبِ قلم
تُو جس کا منتظر تھا وہی ہوں برادرم!
''اینک منم کہ حسبِ بشارات آمدم
عیسیٰؑ کجاست تا بنہد پا بہ منبرم''

ہے محترم اگر تو محمدؐ ہے محترم
نقشِ قدم پہ اس کے رواں ہوں قدم قدم
اس کا بروزِ تام ہوں اللّٰہ کی قسم
''بعد  از  خدا  بعشقِ  محمدؐ   ّ مخمرم
گر کفر ایں بود بخدا سخت کافرم'''
(۱۹۸۷ء)

چوہدری محمد علی مضطرؔعارفی


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں