ہے دراز دستِ دعا مرا صفحہ160۔162
44۔ حدیثِ مبارک
سُنن دار قطنی ہے یہ کہہ رہی
سنو مجھ سے آکے حدیثِ نبیؐ
ہمارے نبیؐ کا جو فرمان ہے
ہمارا تو اس پہ ہی ایمان ہے
رسولِ خدا نے یہی تھا کہا
کہ اِک مردِ فارس یہاں آئے گا
جو ایماں ثریا پہ بھی جائے گا
زمیں پہ اُسے پھر یہ لے آئے گا
تمہارا یہ مہدی ہے ہم میں سے ہی
وہ ہوگا یقینا مرا اُمتّی
مسیحائے دوراں وہ عیسیٰ مثیل
ہے یہ ُاس کے آنے کی روشن دلیل
وہ آئے گا تو چاند گہنائے گا
اُسے دیکھ سورج بھی چُھپ جائے گا
اُسے جا کے تم میرا کہنا سلام
کہ ہو گا وہی آخریں کا امام
حدیثِ مبارک یہ پوری ہوئی
اُسے آئے بھی اِک صدی ہو گئی
وہ آیا تو سورج بھی چُندھیا گیا
اُسے دیکھ کر چاند شرما گیا
زمیں کے یہ پیچھے سمٹنے لگا
تو وہ چاند کی اوٹ میں ہو گیا
دھرو کان گر ہے ذرا بھی وقوف
کہ کہتے ہیں کیا یہ کسوف و خسوف
چلو جلد بڑھ کے اطاعت کرو
مسیحِ محمدؐ کی بیعت کرو
اسے دو پیارے نبیؐ کا سلام
یہی تو تھا منشائے خیرالانام
صَلِّ عَلٰی نَبِیّنَا صَلِّ علٰی
مُحَمّدٍ
صَلِّ عَلٰی امِامِنا صَلِّ علٰی
مُحَمَّدٍ
صَلِّ عَلٰی مَسِیْحِنا صَلِّ
عَلٰی مُحَمَّدٍ
صَلِّ عَلٰی نَبِیّنَا صَلِّ عَلٰی
مُحَمَّدٍ
کلام صاحبزادی امۃالقدوس بیگم م صاحبہ سملہا اللہ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں