صفحات

ہفتہ، 5 مارچ، 2016

109۔ میری مریم

کلام محمود صفحہ172

109۔ میری مریم


میری مریم

گھر سے میرے وہ گلعذار گیا
دل کاسکھ چین اورقرارگیا

مسکراتے ہوئے ہوا رخصت
ساتھ اس کے میں اشکبار گیا

باغ سونا ہوامرا جب سے
شجرِسبز و باردار گیا

اب تو ہم ہیں ،خزاں ہے،نالے ہیں
بلبلو!موسم ِبہار گیا

ہوگیا گُل دیا مرے گھر کا
امن اور چین کا حصار گیا

نغمہ ہائے چمن ہوئے خاموش
کیاہوا،کس طرف ہزار گیا

آہوئے عشق رہ گیا باقی
عنبریں مُوومُشک بار گیا

دُردہی دُرد رہ گئی اب
عیشِ دنیا کا سب خمار گیا

وہ گئے تھے تو خیر جانا تھا
دل پہ کیوں میرااختیار گیا

ہرطرف سے رہا مجھے گھاٹا
دل گیا دل کا اعتبار گیا

اے خدا اس کا چارہ کیا جس کا
غم کے بڑھتے ہی غمگسار گیا

سانس رکتے ہی اس کا اے محمود
تیر اک دل کے آرپار گیا

حضرت سیدہ مریم بیگم مرحومہ(اُمِّ طاہر)

اخبار الفضل جلد32۔24مئی 1944ء

https://www.facebook.com/urdu.goldenpoems/

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں